پاکستان اور امریکا کا دہشتگردی کیخلاف مشترکہ عزم ، تمام صلاحیتیں استعمال کرنے پراتفاق

پاکستان اور امریکا دہشتگردی کے خلاف مشترکہ عزم کااعادہ۔ دونوں ممالک نے  سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے صلاحتیوں کے فروغ پر اتفاق کرلیا۔

اسلام آباد میں پاکستان امریکا انسدادِ دہشتگردی مکالمے کے تازہ دور کا انعقاد کیاگیا۔

یہ مکالمہ اقوام متحدہ کے لیے خصوصی سیکریٹری نبیل منیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ دہشتگردی گریگوری ڈی لوجرفو کی مشترکہ صدارت میں منعقدہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ دونوں وفود نے دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کے مؤثر طریقے اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

جن میں بلوچ لبریشن آرمی، داعش خراسان اور تحریکِ طالبان پاکستان جیسے گروہوں سے لاحق خطرات شامل ہیں۔

امریکا نے ان دہشتگرد عناصر پر قابو پانے میں پاکستان کی مسلسل کامیابیوں کو سراہا، جو خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

مزید برآں امریکا نے پاکستان میں دہشتگرد حملوں میں جاں بحق ہونے والے شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔

جن میں جعفر ایکسپریس پر بربریت آمیز حملہ اور خضدار میں اسکول بس پر بم دھماکا شامل ہیں۔

دونوں وفودنے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور دہشتگردی کے مقاصد کے لیے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کی روک تھام کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچوں کو مضبوط بنانے پر بھی زوردیا۔

 فریقین نے توثیق کی کہ انسدادِ دہشتگردی کے مؤثراوردیرپا طریقے فروغ دینے کیلئے اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

Related posts

پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا ذمے دار بھارت ہے، عاصم افتخار

میجرعزیز بھٹی کا 60 واں یوم شہادت آج، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کاخراج عقیدت پیش

فلسطین ہمارا خطہ ہم ہی اسکے مالک ہیں، نیتن یاہو نے متنازع معاہدے پر دستخط کردیے