کراچی: حکومتِ سندھ نے ڈمپر حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے معاوضے کا اعلان کردیا۔
وزیرِ داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرک اور ڈمپر مالکان اپنی گاڑیوں میں کیمرے نصب کریں اور قانون پر سختی سے عمل کریں، بصورتِ دیگر کارروائی کی جائے گی۔
ضیا الحسن لنجار نے واضح کیا کہ پرانی اور ناکارہ گاڑیوں کو کسی صورت سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی قانون توڑنے یا غیر محفوظ گاڑیاں چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی جرم کا مرتکب پایا گیا اسے ہر صورت سزا دی جائے گی۔
وزیرِ داخلہ سندھ نے حادثات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے پر بھی زور دیا۔