اسلام آباد: صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے اقلیتوں کے دن کے موقع پر الگ الگ پیغام جاری کیا گیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی ہم آہنگی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، پاکستان کی اقلیتی برادری نے ہر شعبہ زندگی میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے اقلیتوں کی افواج، عدلیہ، سول سروسز اور دیگر شعبوں میں نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو بلا تفریق مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور اقلیتوں کے سیاسی، سماجی، معاشی، مذہبی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔
صدر زرداری نے یاد دلایا کہ 2009 میں اپنے پہلے صدارتی دور میں 11 اگست کو “اقلیتوں کا دن” قرار دیا گیا اور اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اقلیتوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بھائی چارے، ہم آہنگی اور یکجہتی کے ذریعے ایک خوشحال پاکستان کی تشکیل کے لیے پرعزم ہیں۔
حکومت اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے اقلیتوں کو مذہبی آزادی فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست کی تاریخی تقریر اقلیتوں کے محفوظ مستقبل کی نظریاتی بنیاد ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو حکومتی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے اور ان کی خدمات کو قومی اثاثہ تصور کیا جاتا ہے، یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام آئینی اور قانونی حقوق حاصل ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ حکومت اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور آج ہم اس عزم کو دہراتے ہیں کہ تمام پاکستانی بلاتفریق اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔