گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے حیدرآباد میں آئی ٹی کلاسز کے آغاز، ایوی ایشن سینٹر کے قیام اور شہر کی ترقی کے لیے 5 ارب روپے فنڈز جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیدرآباد کو مزید نظر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حیدرآباد میں آئی ٹی کلاسز کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، ایک ہزار کمپیوٹرز خریدے جا چکے ہیں اور 50 سے زائد فیکلٹی ممبران بھی بھرتی کیے جا چکے ہیں۔
پہلے مرحلے میں آئی ٹی یونیورسٹی میں کلاسز کا آغاز کیا جائے گا، جس کے لیے میئر اور کمشنر حیدرآباد سے جگہ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے بھر میں 50 ہزار طلبہ میں سے 22 ہزار طلبہ پہلے ہی 600 ڈالر ماہانہ کما رہے ہیں، لیکن حیدرآباد 135 ارب روپے ٹیکس دینے کے باوجود ماضی میں نظر انداز کیا گیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ شہر میں سب سے بڑا ایوی ایشن سینٹر قائم کیا جائے گا جبکہ 5 ارب روپے فنڈز جاری ہو چکے ہیں اور مزید 5 ارب منظوری کے مراحل میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں آتش بازی کا ورلڈ ریکارڈ توڑنے کی تیاری کی جا رہی ہے، رانی باغ میں سندھ حکومت کے پروگرام کو سراہتے ہیں اور جب حکومت اچھا کام کرے گی تو اس کی تعریف کی جائے گی۔
آج کے پروگرام میں علی ظفر شریک ہوں گے جبکہ آئندہ راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کو مدعو کیا جائے گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ 11 اگست کو کراچی میں عاطف اسلم کا شو ہو گا جس میں حیدرآباد کے عوام کو بھی مدعو کیا جاتا ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عملی اقدامات سے حیدرآباد کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا اور یہ ثابت کیا جائے گا کہ یہ شہر ہمارے دل کے قریب ہے۔