غزہ کے زچگی وارڈ میں زندگی اور موت کا سنگم، امید کی کرنیں جنگ کے سائے میں بھی روشن

جنگ زدہ غزہ میں، اسپتال کے زچگی وارڈ میں ہر لمحہ زندگی اور موت ساتھ ساتھ چلتے ہیں، مگر اس کے باوجود امید کی کرنیں ماند نہیں پڑتیں۔

اس حوالے سے قطری خبر رساں ادارے نے ایک خصوصی رپورٹ تیار کی ہے، رپورٹ میں طبی عملے کے انٹرویو شامل ہیں، جو اسپتالوں کے زچگی وارڈز میں گزرتے ہر روز و شب اور مصائب و آلائم کے گواہ ہیں۔

رپورٹ ان الفاظ کے ساتھ شروع ہوتی ہے کہ اسصحابہ میڈیکل کمپلیکس کے امراضِ نسواں اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں تعینات ایک انٹرن ڈاکٹر کی شب بیداری کے لمحات اس حقیقت کا عکس ہیں کہ شدید بمباری، بھوک اور خوف کے باوجود نئی زندگی جنم لینے پر بضد ہے۔

رات کے دو بجے وارڈ میں محض ڈرونز کی گھن گرج سنائی دے رہی تھی کہ اچانک ایک خاتون چیختی ہوئی داخل ہوئیں۔ معائنے کے بعد پتا چلا کہ وہ اپنا دس ہفتوں کا بچہ کھو چکی ہیں۔

شوہر ایک ماہ قبل فضائی حملے میں مارا جا چکا تھا، اور یہ بچہ اس کی واحد یادگار تھا۔ صدمے سے نڈھال خاتون زمین پر گر پڑیں، اور پھر مکمل خاموشی میں ڈوب گئیں۔

یہ وارڈ خوشی اور غم کے انتہائی لمحوں کا گواہ ہے۔ ماں بننے کا سفر یہاں انتہائی کٹھن ہ، درد کم کرنے والی دوائیں ناپید ہیں، بجلی کی بار بار بندش کے باعث موبائل فون کی روشنی میں ڈلیوری ہوتی ہے، اور ہر پٹی اور ٹانکا بچا کر استعمال کیا جاتا ہے۔

حاملہ خواتین بھوک اور کمزوری کے باعث طویل اور تکلیف دہ زچگی سے گزرتی ہیں، اور کبھی کبھار ہنگامی آپریشن کی ضرورت پیش آتی ہے۔

اسپتال کے وسائل نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ایک رات کی ڈیوٹی میں صرف ایک ماہر امراضِ نسواں، تین نرسیں اور تین دایائیں کام کرتی ہیں۔ ہر چیز چاہے وہ گاز ہو یا سلائی دھاگ، انتہائی احتیاط سے استعمال کی جاتی ہے۔

اس سب کے باوجود، بعض لمحے امید کا پیغام بن کر دلوں کو تھام لیتے ہیں۔ ایک خاتون جن کے بچے کی دھڑکن رکنے کا خدشہ تھا، دوبارہ دھڑکن سن کر خوشی سے رو پڑیں۔ اور ایک اور صبح، جب جبالیا کیمپ کی ایک ماں شدید خوف اور گولیوں کی بوچھاڑ کے بیچ اسپتال پہنچی، تو اس نے ایک صحت مند بیٹی کو جنم دیا۔

بمباری اور رات کی ہولناکی کے بعد سورج کی پہلی کرن میں ماں اور بیٹی کا وہ لمحہ، غزہ کے لیے زندگی کی جیت کا اعلان تھا۔

Related posts

مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ

متحدہ عرب امارات کی میڈیا کونسل غیر تعمیری اشتہار – متحدہ عرب امارات پر اشتہار طلب کرتی ہے

منصور بن زید نے وزیر اعظم سینیگال – متحدہ عرب امارات سے ملاقات کی