وزیر اعظم کی اسرائیلی کابینہ کے غزہ پر کنٹرول کے منصوبے کی شدید مذمت

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسرائیلی کابینہ کی جانب سے غزہ شہر پر غیرقانونی کنٹرول کے منصوبے کی منظوری کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے فلسطینی عوام کے خلاف جاری تباہ کن جنگ میں ایک خطرناک اور ناقابل قبول اضافہ قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی یہ توسیع نہ صرف غزہ میں پہلے سے موجود انسانی بحران کو شدید تر کرے گی بلکہ خطے میں امن کے کسی بھی امکان کو ختم کر دے گی۔

شہباز شریف نے عالمی برادری کو یاد دہانی کرائی کہ ہمیں اس جاری انسانی المیے کی اصل وجوہات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، اور وہ ہے فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کا طویل اور غیرقانونی قبضہ۔

انہوں نے کہا کہ جب تک یہ قبضہ برقرار رہے گا، مشرق وسطیٰ میں امن محض ایک خواب ہی رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، جو کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت اور ایک آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر مبنی ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کو فوری طور پر روکے، غزہ کے معصوم شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے اور غزہ کے معصوم شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی موجودہ پالیسیوں اور کارروائیوں سے نہ صرف فلسطینی عوام کا حق پامال ہو رہا ہے بلکہ پورا خطہ شدید عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔

Related posts

جلال پور پیر والا چاروں طرف سے سیلابی پانی میں گھر گیا، انخلا جاری

دوحہ میں شہید ہونے والے کون تھے ؟ نماز جنازہ و تدفین، امیرقطر کی شرکت

پابندی کے باوجود بھارت سے پاکستان کی درآمدات میں اضافہ