اگست کے پہلے ہفتے میں مہنگائی میں معمولی اضافہ، 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

ادارہ شماریات پاکستان نے اگست 2025 کے پہلے ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی صورتحال سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے۔

جس کے مطابق ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 1.73 فیصد رہی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 12 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 27 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مہنگائی کا یہ جائزہ 51 ضروری اشیاء پر مشتمل ہے جنہیں ملک کے مختلف شہروں سے جمع کردہ اعداد و شمار کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ان اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پیاز کی فی کلو قیمت میں 9 روپے 26 پیسے کا اضافہ، ٹماٹر 8 روپے 35 پیسے فی کلو مہنگے اور چکن کی فی کلو قیمت میں 16 روپے 62 پیسے کا اضافہ ہوا۔

جبکہ ڈیزل، دال مسور، جلانے کی لکڑی، تازہ دودھ اور دہی بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں کیلے فی درجن 2 روپے سستے ہوئے، دال مونگ کی قیمت میں 4 روپے فی کلو تک کمی، دال ماش کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کمی اور چاول، لہسن، آٹا اور گُڑ بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اس رپورٹ میں مجموعی طور پر معمولی مہنگائی کی نشاندہی کی گئی ہے، تاہم روزمرہ استعمال کی چند اہم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ عام شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔

Related posts

متحدہ عرب امارات اور فرانسیسی صدور نے علاقائی پیشرفتوں پر فون کیا ہے – متحدہ عرب امارات

پاک فوج کےآپریشن میں فتنہ الخوارج کےہتھیار ڈالنے والے خارجی کےتہلکہ خیزانکشافات

بغاوت کیس میں برازیل کے سابق صدر بولسونارو کو 27 سال قید کی سزا