’’پرچم نہیں لہرایا کیونکہ وہ چھین لیا جاتا‘‘، اطالوی پارلیمنٹ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

روم: اطالوی پارلیمنٹ میں ایک علامتی اور جرات مندانہ احتجاج اُس وقت دیکھنے میں آیا جب فائیو اسٹار موومنٹ کے اراکین نے فلسطینی پرچم کے رنگوں والے لباس پہن کر اجلاس میں شرکت کی۔

اطالوی ارکان پارلیمنٹ نے اپنے لباس سے فلسطینی پرچم ظاہر کردیا، یہ خاموش مگر مؤثر احتجاج غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری کے خلاف فلسطینی عوام سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر کیا گیا۔

اراکین نے ہاتھوں میں پرچم نہیں اٹھائے بلکہ احتجاج کا یہ منفرد طریقہ اختیار کیا تاکہ اُن کی آواز دبائی نہ جاسکے۔

پارٹی کے ایک رکن نے پارلیمنٹ میں کہا ’’آج ہم پرچم نہیں لہرا رہے کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ آپ اسے ہم سے چھین لیں گے، اسی لیے ہم نے اسے اپنے جسم پر پہن لیا ہے‘‘۔

ان کا کہنا تھا ’’فلسطینی پرچم اب صرف ایک قومی علامت نہیں رہا بلکہ یہ انسانی حقوق، مزاحمت اور آزادی کی جدوجہد کا عالمی نشان بن چکا ہے‘‘۔

اراکین پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ یہ پرچم دنیا بھر کے مظلوم عوام کی آواز ہے۔ یہ جرات، عزت نفس، اور ناانصافی کے خلاف ڈٹے رہنے کی علامت ہے۔

یاد رہے کہ اطالوی اراکینِ پارلیمنٹ کا یہ احتجاج دنیا بھر میں جاری اس تحریک کا حصہ ہے جو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف سوشل میڈیا، کیمپسز اور سڑکوں پر جاری ہے۔

اطالوی اراکین نے یہ بھی کہا کہ اُن کا پیغام صرف اپنی حکومت کے لیے نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کے لیے ہے۔ وہ جنگی جرائم کے خلاف سخت مؤقف اور فلسطینی عوام کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ خاموش مگر اثر انگیز احتجاج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور یورپ بھر میں بحث کا موضوع بن گیا۔

Related posts

پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا ذمے دار بھارت ہے، عاصم افتخار

میجرعزیز بھٹی کا 60 واں یوم شہادت آج، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کاخراج عقیدت پیش

فلسطین ہمارا خطہ ہم ہی اسکے مالک ہیں، نیتن یاہو نے متنازع معاہدے پر دستخط کردیے