پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے ایشیا کپ ہاکی 2025 میں شرکت سے انکار سے متعلق دعووں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایشیا کپ میں عدم شرکت کے حوالے سے نہ کسی سے بات ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا بھارتی ہاکی سے نہ پہلے کوئی رابطہ تھا اور نہ اب ہے، ہمارا رابطہ صرف ایشین ہاکی فیڈریشن سے ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی انتہا پسند تنظیموں کی دھمکی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کا بڑا فیصلہ
طارق بگٹی نے مزید کہا کہ بھارت جانے یا نہ جانے کا فیصلہ حکومت پاکستان نے کرنا ہے، اور جو فیصلہ حکومت کرے گی وہی پاکستان ہاکی فیڈریشن کا فیصلہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا میں پاکستان کے انکار کی خبریں بے بنیاد ہیں، ہمیں اس حوالے سے کسی بھی سطح پر کوئی باضابطہ اطلاع یا رابطہ موصول نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے ایشیا کپ سے انکار کر دیا ہے اور اس کی جگہ بنگلا دیش کو مدعو کیا گیا ہے۔ تاہم بنگلا دیش ہاکی کے ذرائع کے مطابق انہیں ابھی تک کوئی باضابطہ دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، البتہ وہ اسٹینڈ بائی ضرور ہیں مگر فوری تیاری آسان نہیں۔