پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول جوڑی، علی رضا اور انمول بلوچ، حالیہ دنوں میں نہ صرف اسکرین پر بلکہ سوشل میڈیا پر بھی خبروں کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
ایک مقبول نجی ٹی وی ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے کے بعد دونوں فنکاروں کی کیمسٹری کو شائقین نے بے حد سراہا، یہاں تک کہ مداحوں نے حقیقی زندگی میں بھی انہیں ایک ساتھ دیکھنے کی خواہش ظاہر کرنا شروع کردی۔
مداحوں کی قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید ہوا ملی جب علی رضا اور انمول بلوچ کی ایک تقریب میں مشترکہ شرکت کی تصاویر وائرل ہوئیں، جس کے بعد انمول بلوچ کی ممکنہ شادی سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔
تاہم ان افواہوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں نکلا، علی رضا نے حال ہی میں ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے ان تمام باتوں کی تردید کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا اور انمول کا رشتہ صرف دوستی کا ہے اور فی الحال اس میں کسی اور جذباتی پہلو کی گنجائش نہیں۔
علی رضا نے کہا کہ میں مستقبل میں شادی کا فیصلہ وقت اور حالات کے مطابق کروں گا اور یہ بھی دیکھوں گا کہ کیا شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کسی لڑکی سے شادی کرنی ہے یا نہیں۔
اداکار نے مزید کہا کہ فی الوقت انمول بلوچ ایک بہترین دوست ہے اور ہم دونوں اسی خوبصورت تعلق کو قائم رکھنا چاہتے ہیں۔