شائقین کرکٹ ہوشیار ہو جائیں، پاک بھارت میچ کی جعلی ٹکٹ فروخت ہونے لگیں

ایشیا کپ 2025 کے سب سے بڑے مقابلے پاکستان بمقابلہ بھارت کے لیے ٹکٹوں کی شدید مانگ کو فراڈیوں نے موقع میں بدل لیا۔

یو اے ای میں شیڈول اس ہائی وولٹیج میچ کے جعلی ٹکٹ 11 ہزار درہم تک میں فروخت کیے جانے لگے ہیں، حالانکہ ابھی تک ٹکٹوں کی باضابطہ فروخت شروع ہی نہیں ہوئی۔

خلیجی ذرائع ابلاغ کے مطابق سرچ انجن گوگل پر پاک بھارت ایشیا کپ ٹکٹ تلاش کرنے پر درجنوں مشتبہ ویب سائٹس سامنے آتی ہیں، جن میں سے کئی وی آئی پی ٹکٹ 11 ہزار درہم (تقریباً 8 لاکھ روپے پاکستانی) میں بیچنے کی پیشکش کر رہی ہیں۔

عام ٹکٹوں کی قیمتیں بھی 1500 درہم سے تجاوز کر چکی ہیں، جو ایک عام شہری کی پہنچ سے باہر ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا 14 ستمبر کو یو اے ای میں شیڈول ہے، اور اس میچ کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے شائقین کی بے پناہ دلچسپی سامنے آ رہی ہے۔ تاہم ٹکٹوں کی غیر موجودگی نے اس خواہش کو فراڈیوں کے لیے سنہری موقع بنا دیا ہے۔

ٹورنامنٹ کے منتظمین اور حکام نے شائقین کو سخت خبردار کیا ہے کہ وہ صرف آفیشل ذرائع سے ہی ٹکٹ خریدیں، اور کسی بھی مشتبہ ویب سائٹ یا لنک پر اعتبار نہ کریں۔ حکام نے بتایا کہ کئی افراد اب تک دھوکہ دہی کا شکار ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یو اے ای اور پاکستان دونوں ممالک میں سائبر کرائم ونگ ان جعلی ویب سائٹس کی نشاندہی اور کارروائی کے لیے متحرک ہو چکے ہیں۔ جلد ان گروہوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ٹورنامنٹ کے منتظمین نے شائقین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے صرف ٹورنامنٹ کی آفیشل ویب سائٹ یا مجاز ٹکٹنگ پارٹنرز سے ہی ٹکٹ خریدیں، مشتبہ لنکس یا سوشل میڈیا پوسٹس پر کلک نہ کریں اور کسی بھی غیر معمولی قیمت یا پرسنل بینک ٹرانسفر کی ڈیمانڈ پر شک کریں۔

Related posts

مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ

متحدہ عرب امارات کی میڈیا کونسل غیر تعمیری اشتہار – متحدہ عرب امارات پر اشتہار طلب کرتی ہے

منصور بن زید نے وزیر اعظم سینیگال – متحدہ عرب امارات سے ملاقات کی