ترکیہ اور پاکستان کی بحری اسپیشل فورسز کی پہلی دوطرفہ مشق

کراچی میں پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کے درمیان پہلی دو طرفہ مشق کا کامیاب انعقاد کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کے درمیان یہ مشق دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے فروغ کی عملی مثال ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشق کے دوران سمندر اور خشکی پر مختلف اقسام کے آپریشنز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ان میں شہری علاقوں میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں، جدید ہتھیاروں کی فائرنگ اور جنگی منظرناموں پر مبنی آپریشنز شامل تھے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مشترکہ مشق کا بنیادی مقصد ساحلی علاقوں میں دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان عملی تعاون، تیاری اور حکمتِ عملی کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ دونوں فورسز نے جنگی مہارت، ردعمل کی صلاحیت اور مشترکہ آپریشنل ہم آہنگی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ یہ مشق نہ صرف پاکستان اور ترکیہ کے مابین بحری افواج کے تعاون کا سنگ میل ہے بلکہ یہ دونوں ممالک کے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی بھی عکاس ہے۔

Related posts

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، امیر قطر سے اہم ملاقات متوقع

پاکستان کے بڑے ڈیمز میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ، کئی ڈیمز مکمل بھر گئے