وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ملک بھر کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر امیگریشن نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر غیر ملکی مسافروں کے لیے علیحدہ امیگریشن کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔
ان خصوصی کاؤنٹرز سے غیر ملکی سیاحوں، سرمایہ کاروں اور کاروباری وفود کو امیگریشن کلیئرنس میں غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد پاکستان میں سیاحت، تجارت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
امیگریشن کا عمل تیز، مؤثر اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے خوشگوار تجربہ بنانے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
نئے انتظامات سے نہ صرف غیر ملکیوں کو سہولت حاصل ہو گی بلکہ وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کے لیے بھی امیگریشن کا عمل مزید آسان اور تیز تر ہو جائے گا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر جدید، مؤثر اور خوش اخلاق امیگریشن سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کا امیج دنیا بھر میں بہتر ہو۔