اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نالے اور سڑکیں تالاب میں تبدیل

اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث مارگلہ کی پہاڑیوں سے آنے والے پانی نے وفاقی دارالحکومت کے نالوں میں طغیانی پیدا کر دی ہے۔

بھارہ کہو، چک شہزاد اور دیگر علاقوں میں نالوں میں طغیانی کے سبب پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ نیو چھٹہ بختاور کی گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

شہریوں کو نقل و حرکت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے پانی سے کئی گاڑیاں بھی ڈوب گئیں اور چھ سے سات نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہونے والا ہے، تاہم پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آج موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خطرہ ہے جبکہ مظفرآباد میں وقفے وقفے سے بارش کے سبب موسم خوشگوار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے جبکہ دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔

Related posts

اسرائیلی کو روکنے کےلئے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے ، سعودی ولی عہد

امریکا میں سیاسی کارکن اور مصنف چارلی کرک کو گولی ماردی گئی

قائد اعظم محمدعلی جناح کی برسی آج، پوری قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش