کراچی، گھریلو تنازعہ میں بیٹے نے باپ اور بھائی کو قتل کر دیا، بھابھی زخمی

گھر کے اندر قیامت… فائرنگ کی آوازوں سے علاقہ گونج اٹھا، پولیس نے قاتل بیٹے کو گرفتار کر لیا

شہر قائد کے علاقے پی آئی بی کالونی کی اچار گلی میں بدھ کے روز اس وقت کہرام مچ گیا جب ایک ہی گھر سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں اور دیکھتے ہی دیکھتے دو افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نعمت اللہ ولد غلام نبی اور ان کے بیٹے عمید ولد نعمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والی خاتون صالحہ زوجہ عمید علی خان ہیں، جو کہ عمید کی اہلیہ ہیں۔

پولیس کے مطابق اس ہولناک واقعے میں ملوث شخص اور کوئی نہیں بلکہ مرحوم کا دوسرا بیٹا اعجاز ہے، جس نے پہلے اپنے والد پر فائرنگ کر کے قتل کیا، پھر اپنے بھائی کو بھی گولیوں سے بھون ڈالا۔ یہی نہیں، ملزم نے بھابھی پر بھی فائرنگ کی، جو شدید زخمی ہو گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم اعجاز کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے ابتدائی تفتیش جاری ہے۔ واقعے کی بنیادی وجہ گھریلو تنازع بتائی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اہل محلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

واقعے کے بعد پی آئی بی کالونی کی فضا سوگوار ہو گئی۔ اہلِ علاقہ کے مطابق گھر میں اکثر لڑائی جھگڑے کی آوازیں آتی تھیں لیکن کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ معاملہ اتنی خونریزی تک پہنچ جائے گا۔

Related posts

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، امیر قطر سے اہم ملاقات متوقع