بھارت؛ اتراکھنڈ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد تباہ کن سیلاب، کئی بھارتی فوجی لاپتہ

بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع اُتراکاشی میں شدید بارش کے بعد کلاؤڈ برسٹ نے قیامت ڈھا دی جس کے نتیجے میں ہمالیائی پہاڑوں سے آنے والا سیلابی ریلا قریبی علاقوں میں تباہی مچاگیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مٹی، پتھروں اور پانی کا خطرناک ریلا مکانات، دکانوں، ہوٹلوں اور دیگر انفرااسٹرکچر کو اپنے ساتھ بہا لے گیا۔ کئی لوگ جان بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے ریلے کی زد میں آگئے۔

 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہولناک سیلاب میں کم از کم 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 50 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں دھرالی گاؤں کے قریب واقع بھارتی فوج کا ایک کیمپ بھی سیلابی ریلے کی زد میں آگیا۔ اطلاعات کے مطابق دریا کے کنارے موجود فوجی ہیلی پیڈ بھی پانی میں بہہ گیا ہے اور کئی فوجی اہلکار لاپتہ ہیں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے علاقے میں 10 اگست تک مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو مزید الرٹ کردیا گیا ہے۔

Related posts

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، امیر قطر سے اہم ملاقات متوقع