امریکہ میں بوئنگ کے جنگی طیارے اور ہتھیار تیار کرنے والے تین اہم پلانٹس پر ہزاروں مزدوروں نے ہڑتال کر دی ہے۔
میزوری اور الینوائے میں واقع ان پلانٹس پر آج سے مکمل ہڑتال کا آغاز ہو چکا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق 3,200 سے زائد ورکرز نے بوئنگ کی جانب سے پیش کیا گیا چار سالہ ترمیم شدہ معاہدہ مسترد کر دیا ہے۔ مزدور یونین کا مطالبہ ہے کہ کمپنی ورکرز کی مہارت کا اعتراف کرے اور ان کے معاشی تحفظ کو یقینی بنائے۔
مزید پڑھیں: امریکا کی نئی تجارتی پالیسی: پاکستان کو رعایت، بھارت پر زیادہ ٹیرف عائد
بوئنگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاہدے میں 40 فیصد اوسط تنخواہ میں اضافے اور اوور ٹائم مسائل کے حل کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم یونین نے اسے ناکافی قرار دیا۔ کمپنی نے ہڑتال کی پیشگی تیاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ دوسرے عملے سے پلانٹس کا کام جاری رکھا جائے گا۔
ہڑتال کی خبر پر بوئنگ کے شیئرز میں ابتدائی طور پر مندی دیکھی گئی، تاہم بعد میں معمولی بہتری آئی، پھر بھی کمپنی کے حصص 0.26 فیصد نیچے ہیں۔