پاک فوج کے سربراہان کا کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی

یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاک فوج اور اعلیٰ عسکری قیادت نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول چیف اور ایئر چیف نے اپنے پیغام میں کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی مکمل تائید کرتی ہیں، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تسلیم شدہ ہے۔

 بیان میں بھارت کے غیر انسانی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب کو بدلنے کی کوششوں کی شدید مذمت بھی کی گئی ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت کا جارحانہ طرزِ عمل اور اشتعال انگیز بیانات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل سے وابستہ ہے۔

آئی ایس پی آر نے کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج ہر مرحلے پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہیں اور ان کی حق پر مبنی جدوجہد میں ان کا ساتھ جاری رکھیں گی۔

Related posts

بغاوت کیس میں برازیل کے سابق صدر بولسونارو کو 27 سال قید کی سزا

پاکستان آج عمان کے خلاف میدان میں اترے گا

میڈیا سیکٹر میں اماراتی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے دبئی میڈیا اور پی ڈبلیو سی پارٹنر۔ متحدہ عرب امارات