وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کو وزارتِ صحت کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور جاری اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں قومی صحت پالیسی، ادویات کی دستیابی، ویکسینیشن کوریج، سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی، نرسنگ و میڈیکل ایجوکیشن، اور ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم پر ہونے والی پیش رفت کا جامع جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ صحت نے اجلاس کے دوران ہدایت جاری کی کہ تمام متعلقہ شعبے شفافیت، رفتار اور معیار کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارکردگی کا موثر جائزہ اور احتساب ہر سطح پر ناگزیر ہے، تاکہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ٹھوس نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ نظام کو ملک بھر میں مؤثر انداز میں نافذ کرنے کے لیے درکار اقدامات کو تیز کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ ادویات کی فراہمی اور ویکسینیشن کی کوریج میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت صحت کے شعبے کو قومی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے، اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔