کراچی: سندھ بھر میں سیکیورٹی فیچر سے لیس نئی نمبر پلیٹس کی تنصیب کی ڈیڈ لائن میں توسیع کردی گئی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس مکیش کمار چاولہ نے سیکیورٹی نمبر پلیٹس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا جب کہ بلاول بھٹو نے عوامی سہولت کے پیش نظر ڈیڈ لائن میں توسیع کی ہدایت کی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے سیکیورٹی فیچر سے لیس نئی نمبر پلیٹس کی تنصیب کی تاریخ 14 اگست سے بڑھا کر 31 اکتوبر 2025 مقرر کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کسی شخص یا دکاندار کا نمبر پلیٹ جاری کرنا اختیار نہیں، یہ کام حکومتی ادارے ہی کرسکتے ہیں
مکیش چاولہ نے بریفنگ میں بتایا کہ نئی نمبر پلیٹس سندھ حکومت کے سیف سٹی پراجیکٹ کا اہم حصہ ہیں جو گاڑیوں کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
وزیر نے بلاول بھٹو کو یہ بھی بتایا کہ محکمہ نارکوٹکس نے حالیہ مہینوں میں سات ارب روپے مالیت کی منشیات ضبط کی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
چیف وہپ سندھ اسمبلی مکیش چاولہ نے پیپلز پارٹی اراکین کی اسمبلی حاضری اور قانون سازی میں شمولیت سے بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آگاہ کیا۔