بھارت نے انگلینڈ کے خلاف پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے جیت کر پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔
اوول کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے اس فیصلہ کن ٹیسٹ کے آخری دن انگلینڈ کو فتح کے لیے صرف 35 رنز جبکہ بھارت کو کامیابی کے لیے چار وکٹیں درکار تھیں۔
تاہم بھارتی فاسٹ بولرز، خصوصاً محمد سراج اور پراسدھ کرشنا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کی امیدوں کو خاک میں ملا دیا۔
محمد سراج نے آخری دن تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ میں مجموعی طور پر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پراسدھ کرشنا نے بھی ایک اہم وکٹ حاصل کر کے بھارت کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اکاش دیپ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس کی پہلی اننگز 224 رنز پر سمٹ گئی۔ جواب میں انگلینڈ نے 247 رنز بناتے ہوئے 23 رنز کی معمولی برتری حاصل کی۔
بھارت نے دوسری اننگز میں شاندار واپسی کی اور 396 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ اوپنر یشسوی جیسوال نے 118 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جس نے ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی۔ جو روٹ نے 105 اور ہیری بروک نے 111 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر فتح کے قریب پہنچا دیا، مگر بھارتی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے پوری ٹیم 367 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور صرف 6 رنز کے فرق سے شکست کھا گئی۔