قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

صدر آصف زرداری نے یومِ شہدائے پولیس پر قوم کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک و قوم کے خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پولیس نے دہشت گردی، جرائم اور بدامنی کے خلاف بھرپور جدوجہد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں بہادر پولیس جوانوں نے ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، شہداء کی قربانیاں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اُن کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہیں۔

مزید پڑھیں: پولیس کے 8 ہزار سے زائد شہداء قوم کا فخر ہیں، وزیراعظم کا خراجِ تحسین

آصف زرداری نے کہا کہ قوم پولیس کے شہداء کی جرأت، وفاداری اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، حکومت شہداء کے ورثا کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھاتی رہے گی۔

انکا کہنا تھا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پولیس کی صلاحیتوں میں اضافہ اور جدید تربیت و اسلحہ فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے، پیشہ ور اور جدید ساز و سامان سے لیس پولیس ہی دشمنانِ ریاست کا مؤثر مقابلہ کر سکتی ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و حوصلہ عطا کرے۔

Related posts

اسرائیل نے قطر کی خود مختاری پر حملہ کیا، بھرپورمذمت کرتے ہیں ، روس کاردعمل آگیا

ملک میں زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا

8 سال بعد گھریلو گیس کنکشنز کی پابندی ختم کردی گئی