پاکستان کے معروف اداکار اور گلوکار فواد خان نے طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر مائیک تھام کر موسیقی کی دنیا میں شاندار واپسی کی، جس کے بعد ان کے مداح خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔
راک بینڈ ای پی (Entity Paradigm) سے اپنے گلوکاری کے سفر کا آغاز کرنے والے فواد خان نے Veelo Sound Station کے پلیٹ فارم سے نیا نغمہ ’’پروانہ‘‘ ریلیز کیا ہے، جو محبت، دھوکے اور پچھتاوے جیسے گہرے جذبات پر مبنی ہے۔
گانے کی ویڈیو میں فواد خان ایک ایسے دل شکستہ عاشق کے کردار میں نظر آتے ہیں جو بارش میں بھیگی یادوں اور ماضی کی غلطیوں کے بوجھ تلے ندامت کا شکار ہے۔
گانے کی ہدایت کاری معروف فلم ساز بلال لاشاری نے کی ہے جبکہ فواد خان نے اپنی منفرد اداکاری اور سحر انگیز آواز سے پرفارمنس کو جاندار بنا دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گانے کو زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، مداحوں نے نہ صرف فواد کی گلوکاری کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا بلکہ ان کی پرفارمنس کو ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔
ایک مداح نے لکھا کہ ای پی کا لیجنڈ واپس آ گیا ہے! جبکہ ایک اور نے کہا کہ فواد خان کو چمکنے کے لیے بالی ووڈ کی ضرورت نہیں، اس کا ٹیلنٹ خود ہی بولتا ہے۔
فواد خان کے چاہنے والے اب بے تابی سے اُن کے آئندہ گانوں اور منصوبوں کا انتظار کر رہے ہیں۔