پی سی بی کا ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں آئندہ شرکت پر ‘مکمل پابندی’ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) میں اپنی آئندہ شرکت پر “بلینکٹ بین” (مکمل پابندی) عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ بھارت چیمپئنز کی جانب سے پاکستان چیمپئنز کے خلاف دو میچز، بشمول سیمی فائنل، کھیلنے سے انکار کے بعد سامنے آیا ہے۔

پی سی بی نے WCL کے منتظمین کے “متعصبانہ رویے” پر شدید تنقید کی ہے اور انہیں کھیل کی روح کو سیاست اور تجارتی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں: پُرانی بندوقیں چل گئیں، شاہد آفریدی کی ایشیا لائنز نے لیجنڈز لیگ جیت لی

پی سی بی کے مطابق، بھارت نے پاکستان کے خلاف گروپ میچ میں شرکت سے انکار کیا تھا، جس پر دونوں ٹیموں کو مشترکہ پوائنٹس دیے گئے، اور پھر سیمی فائنل میں بھی شرکت نہ کر کے ٹورنامنٹ کو متنازعہ بنا دیا۔

بورڈ نے اس عمل کو “منافقت اور جانبداری سے آلودہ” قرار دیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ منسوخی کرکٹنگ میرٹ پر نہیں بلکہ ایک مخصوص قوم پرستی کے بیانیے کو خوش کرنے کے لیے کی گئی، جو عالمی اسپورٹس کمیونٹی کے لیے ناقابل قبول پیغام ہے۔ ہم اپنے کھلاڑیوں کو ایسے ایونٹس میں شرکت کی اجازت نہیں دے سکتے جہاں کھیل کی روح کو سیاست کے زیرِ اثر کر دیا جائے۔

مزید پڑھیں: لیجنڈز لیگ، ایشیا لائنز نے انڈین مہاراجہ کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

یہ بیان پی سی بی کی گورننگ بورڈ کے 79ویں اجلاس کے بعد جاری کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین محسن نقوی نے کی۔

بورڈ نے WCL کی جانب سے “جذبات مجروح ہونے” پر جاری کی گئی معذرت کو “مضحکہ خیز” قرار دیتے ہوئے کہا کہ منتظمین نے اپنی جانبداری کو “حساسیت کے لبادے” میں چھپانے کی ناکام کوشش کی۔

پی سی بی نے کہا کہ وہ عالمی کرکٹ میں مثبت حریفانہ رویے اور کھیل کی ساکھ کے لیے پرعزم ہے، مگر ایسے ٹورنامنٹس میں شرکت نہیں کرے گا جہاں “کھیل کی روح کو مسخ کیا جائے۔”

Related posts

اسرائیل نے قطر کی خود مختاری پر حملہ کیا، بھرپورمذمت کرتے ہیں ، روس کاردعمل آگیا

ملک میں زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا

8 سال بعد گھریلو گیس کنکشنز کی پابندی ختم کردی گئی