ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، ان کا طیارہ دوپہر 3 بجے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔
ذرائع کے مطابق صدر ایران کا طیارہ آج لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دن 3 بجے لینڈ کرے گا جہاں ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور اعلیٰ سطحی وفد بھی ایرانی صدر کے ہمراہ ہوگا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا استقبال کریں گی۔دورے کے دوران ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان مزارِ اقبال پر حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔
مزید پڑھیں: ایرانی صدر نے سرکاری گاڑی چھوڑ کر ٹیکسی کیوں لی؟ وجہ حیران کن
لاہور میں قیام کے بعد وہ آج ہی اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے جہاں ان کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات اور وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات طے ہیں۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا بطور ایرانی صدر پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے جو وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر انجام دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 27 مئی 2025 کو ایران کا دورہ کیا تھا۔
حکام کے مطابق ایرانی صدر کا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔