ایشیا کپ 2025 سے قبل پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ٹیموں کو تیاریوں کا سنہری موقع مل گیا۔
امارات کرکٹ بورڈ کی میزبانی میں اگست-ستمبر میں شارجہ میں ٹی20 ٹرائی سیریز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو دو میچ کھیلیں گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
سیریز کے تمام میچز رات 7 بجے (مقامی وقت) شروع ہوں گے۔ آئی سی سی رینکنگ کے مطابق پاکستان (نمبر 8) ٹرائی سیریز میں سب سے اعلیٰ رینکنگ رکھنے والی ٹیم ہے، افغانستان نویں اور یو اے ای 14ویں نمبر پر ہے۔
یہ ٹرائی سیریز آئی سی سی کے فیوچر ٹورز پروگرام (FTP) میں شامل ہے۔ اسی ونڈو میں پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تین میچز کی ٹی20 سیریز کھیلنی تھی، تاہم اب دونوں ٹیمیں یو اے ای کی شمولیت کے ساتھ اس ٹرائی سیریز میں حصہ لیں گی۔
پاکستان اس وقت ویسٹ انڈیز کے خلاف وائٹ بال سیریز کھیل رہا ہے، جہاں وہ پہلا میچ جیت چکا ہے، جبکہ ایشیا کپ کا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا۔ افغانستان نے گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف سیریز کے بعد کوئی ٹی20 انٹرنیشنل نہیں کھیلا، اور ایشیا کپ میں 9 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف میدان میں اترے گا۔
پاکستان اور افغانستان دونوں نے براہ راست 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ (بھارت اور سری لنکا) کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستان نے آئی سی سی رینکنگ جبکہ افغانستان نے گزشتہ ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹاپ سیون ٹیموں میں شامل ہو کر جگہ بنائی۔ یو اے ای کو ابھی ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے اکتوبر میں عمان میں ہونے والے ایشیا-ایسٹ ایشیا اینڈ پیسیفک کوالیفائرز سے گزرنا ہوگا۔
ایشیا کپ کا انعقاد بھی 9 سے 28 ستمبر تک یو اے ای میں ہوگا۔