چاول کی پیداوار میں بڑا انقلابی اقدام، ہائبرڈ بیچ تیار

پاکستان اور چین کی جامعات کے سائنسدانوں نے مشترکہ تحقیق سے چاول کی ایک نئی ہائبرڈ قسم تیار کی ہے جو روایتی اقسام کے مقابلے میں تین گنا زیادہ پیداوار دے گی۔

پنجاب یونیورسٹی اور چین کی وہان یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے 10 سالہ تحقیق کے بعد نیا ہائبرڈ چاول تیار کرلیا ہے۔ یہ پاکستان میں تیار ہونے والا پہلا ہانگ لیان نسل کا ہائبرڈ چاول ہے جسے PU786  کے نام سے رجسٹر کیا گیا ہے۔

نئے ہائبرڈ بیج سے چاول کی فی ایکڑ پیداوار تین گنا بڑھ کر 140 من ہوجائے گی جو عام اقسام کے مقابلے میں بہت بڑا اضافہ ہے۔ اس سے نہ صرف ملکی غذائی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ چاول کی برآمد میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کی تحقیقاتی ٹیم کی قیادت شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشفاق اور ڈاکٹر محمد علی کلاسرا نے کی۔

چینی سائنسدانوں میں پروفیسر رنشان ژو، ڈاکٹر ژیانٹنگ وو اور شو شامل تھے، جنہوں نے وہان یونیورسٹی کی جانب سے اس منصوبے میں حصہ لیا۔

ڈاکٹر محمد اشفاق کے مطابق نیا ہائبرڈ چاول شدید گرمی، بیکٹیریا اور خطرناک کیڑوں کے خلاف مزاحمتی صلاحیت رکھتا ہے جو اسے پاکستان کے مختلف موسمی حالات کے لیے موزوں بناتا ہے۔

نئے بیج کا کامیاب تجربہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے مختلف شہروں میں کیا گیا۔ تمام تکنیکی مراحل کی کامیابی کے بعد پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل نے اس کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کے مطابق یہ نیا ہائبرڈ چاول غذائیت کے لحاظ سے بھی شہریوں کے لیے مفید ہوگا اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچائے گا۔ یہ تحقیق پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تعاون کی ایک مثال ہے۔

وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ اس نئی قسم کی منظوری سے پاکستان کا چاول عالمی مارکیٹ میں بہتر معیار کے ساتھ برآمد ہوسکے گا جس سے زرِ مبادلہ میں اضافہ ممکن ہوگا۔

ڈاکٹر محمد علی نے اس بات پر زور دیا کہ جامعات کو صرف تعلیم تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ملک، قوم اور انڈسٹری کی ترقی میں عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب یونیورسٹی نے زرعی تحقیق کے اس بڑے منصوبے میں قیادت کا کردار ادا کیا۔

Related posts

برساتی پانی کھڑا ہونے سے مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام، شہریوں کو شدید مشکلات

لیاقت پور میں کشتی حادثہ، نو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، چھ لاشیں برآمد

کے ایچ ڈی اے نے دبئی – متحدہ عرب امارات میں نجی تعلیم کے لئے نئی رہنما خطوط طے کیں