ایرانی صدر مسعود پزیشکیان پہلے سرکاری دورے پر 2 اگست کو پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان 2 اگست 2025 کو پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہو رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کے ہمراہ ایک اعلی سطحی وفد بھی پاکستان پہنچے گا جس میں ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سمیت دیگر اہم حکام شامل ہوں گے۔

ایرانی صدر کے دورے کے دوران ان کی ملاقاتیں صدر پاکستان اور وزیر اعظم شہباز شریف سے طے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر باضابطہ مذاکرات بھی ہوں گے جن میں تجارتی، دفاعی، توانائی اور سرحدی تعاون سمیت کئی اہم شعبوں پر بات چیت متوقع ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ یہ دورہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان کا بطور صدر پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا جو دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کا عکاس ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے 26 مئی 2025 کو ایران کا دورہ کیا تھا جس کے بعد یہ دورہ دو طرفہ روابط کے تسلسل کی علامت سمجھا جارہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اہم دورے سے پاک ایران برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام حاصل ہوگا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

Related posts

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، امیر قطر سے اہم ملاقات متوقع