نواز شریف اور مریم نواز سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری، تجارتی تعاون، تعلیم، تحقیق اور ماحولیات جیسے اہم شعبوں میں اشتراکِ عمل کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کا رشتہ صرف سفارتی نہیں بلکہ دلوں سے جڑا ہوا ہے، جو ہر آزمائش میں پورا اترا ہے۔

انہوں نے صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت، وژن اور سائنسی ترقی کے اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یو اے ای کے ساتھ بڑھتے تجارتی تعلقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اب سرمایہ کاری کے لیے بزنس فرینڈلی ماحول کے ساتھ ایک پرکشش مقام بن چکا ہے۔

 انہوں نے تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں جاری اصلاحات اور جدت پر بھی روشنی ڈالی۔

مریم نواز نے سرکاری و سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری انٹری کو یو اے ای کا قابل ستائش قدم قرار دیا اور اماراتی سرمایہ کاروں، کاروباری اداروں اور کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

ملاقات کو دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا گیا، جس میں باہمی اعتماد اور ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا بھی عزم ظاہر کیا گیا۔

Related posts

قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 77ویں برسی پر مزارِ قائد پر تقریب، وزیراعلیٰ سندھ کی حاضری

متحدہ عرب امارات کے صدر اور بحرین کے بادشاہ دوطرفہ تعلقات – متحدہ عرب امارات پر بات چیت کرتے ہیں

برساتی پانی کھڑا ہونے سے مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام، شہریوں کو شدید مشکلات