پاکستان کی شاندار فتح، ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 14 رنز سے شکست

پاکستان نے تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

میچ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلا گیا، جہاں ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز اسکور کیے۔ صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 رنز بنائے جبکہ فخر زمان نے 28 اور حسن نواز نے 24 رنز کی اننگز کھیلیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمار جوزف نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 30 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز ہی بنا سکی اور یوں پاکستان نے میچ 14 رنز سے جیت لیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جانسن چارلس اور جیول اینڈریو نے 35، 35 رنز بنائے جبکہ جیسن ہولڈر آخر تک 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی بولنگ میں محمد نواز نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم کو ایک، ایک وکٹ ملی۔

میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر صائم ایوب کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، انہوں نے 57 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 2 اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی کیلئے پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، محمد حارث (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا (کپتان)، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف، سفیان مقیم شامل تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے 15 میں کامیابی حاصل کی جبکہ ویسٹ انڈیز نے 3 میچز جیتے اور 3 میچز بے نتیجہ رہے۔

Related posts

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا

عراقی فضائیہ کے کمانڈر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے معترف