کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان مبینہ جھگڑے پر پی سی بی کا موقف سامنے آ گیا

امریکا میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان دوران ٹریننگ مبینہ جھگڑے کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف سامنے آ گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوشل میڈیا پر شاہین آفریدی، ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور کوچنگ اسٹاف کے کسی مبینہ واقعے کے بارے میں پھیلائی جانے والی بے بنیاد، من گھڑت اور توہین آمیز الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

پی سی بی نے کہا ہے کہ تربیتی یا پریکٹس سیشنز کے دوران ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور یہ افواہیں مکمل طور پر جھوٹی اور منظم طور پر پھیلائی گئی ہیں، جن کا مقصد قومی ٹیم میں انتشار پیدا کرنا ہے۔

پی سی بی نے مزید کہا کہ ایسی غلط معلومات نہ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کی ہم آہنگی، حوصلے اور شہرت کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے بلکہ اس کا مقصد ان افراد کی پیشہ ورانہ ساکھ کو مجروح کرنا اور قومی ٹیم کے مجموعی ماحول کو نقصان پہنچانا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس مہم کو ایک سنجیدہ اور پیشہ ورانہ ہتک عزت کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں شروع کرے گا، جس میں ہتک عزت اور سائبر کرائم کے الزامات شامل ہوں گے۔

پی سی بی نے واضح کیا کہ جو بھی افراد یا ادارے اس جھوٹی کہانی کو پھیلانے میں ملوث پائے جائیں گے، ان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مکمل کارروائی کی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عوام، میڈیا نمائندوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ اور غیر ذمہ دارانہ مواد کو پھیلانے، اس کی تائید کرنے یا اس کو بڑھاوا دینے سے گریز کریں۔

پی سی بی اپنے کھلاڑیوں، عملے اور قومی ٹیم کی عزت و وقار کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور کسی بھی بے بنیاد اور نقصان دہ قیاس آرائیوں کا قلع قمع کرنے کا عزم رکھتا ہے۔

Related posts

8 سال بعد گھریلو گیس کنکشنز کی پابندی ختم کردی گئی

حب ڈیم مکمل بھر گیا،قابل استعمال ذخیرہ 6 لاکھ 46 ہزار ایکڑفٹ ہوگیا

ایشیا کپ 2025، بنگلا دیش کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ