پاکستانی معیشت کے حوالے سے آئی ایم ایف کی نئی پیشگوئی

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک 2025 جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کے لیے شرح نمو اور مہنگائی کے ممکنہ رجحانات کی پیشگوئیاں کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت مالی سال 2025-26 میں 3.6 فیصد کی شرح سے ترقی کر سکتی ہے، جو کہ حکومت پاکستان کے مقرر کردہ 4.2 فیصد شرح نمو کے ہدف سے کم ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی مہنگائی میں معمولی کمی کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

 آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ سال 2025 میں دنیا کی اوسط شرح نمو 3 فیصد اور 2026 میں 3.1 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ مہنگائی کی اوسطاً شرح 2025 میں 4.2 فیصد اور 2026 میں کم ہو کر 3.6 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں افراطِ زر آئندہ برسوں میں ہدف سے زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ دیگر بڑی معیشتوں میں مہنگائی کی سطح نسبتاً معتدل رہنے کی توقع ہے۔

آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ عالمی معیشت کو اب بھی کئی خطرات لاحق ہیں، جن میں جغرافیائی کشیدگیاں، سپلائی چین میں خلل، اور مالیاتی غیر یقینی صورتحال سرفہرست ہیں، ان عوامل کے باعث کئی ممالک کی معاشی بحالی متاثر ہو سکتی ہے۔

رپورٹ میں امریکی تجارتی پالیسیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے، جس کے مطابق اگر امریکہ اور چین کے درمیان مذاکرات کامیاب رہتے ہیں تو عالمی تجارتی سرگرمیوں میں بہتری آسکتی ہے، فی الحال دونوں ممالک نے 90 دن کے لیے اضافی محصولات میں نرمی کی ہے، تاہم یہ مدت یکم اگست کو ختم ہو رہی ہے۔

Related posts

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، امیر قطر سے اہم ملاقات متوقع