چینی برآمد کر کے اربوں روپے منافع کمانے والی شوگر ملز کی فہرست پی اے سی میں پیش

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں جولائی 2024 سے جون 2025 کے دوران چینی برآمدات سے متعلق تفصیلات پیش کر دی گئیں۔

فہرست کے مطابق ملک کی 67 شوگر ملز نے 21 ممالک کو 7 لاکھ 49 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کر کے مجموعی طور پر 111 ارب روپے سے زائد کا منافع حاصل کیا۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اے سی جنید اکبر خان نے کی جس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان، سیکرٹری صنعت و پیداوار، اور سیکرٹری غذائی تحفظ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

پی اے سی میں پیش کی گئی فہرست کے مطابق، سب سے زیادہ چینی برآمد کرنے والی شوگر ملز میں جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز (جہانگیر ترین گروپ) نے 73,090 میٹرک ٹن چینی برآمد کر کے 11 ارب 10 کروڑ روپے کا منافع حاصل کیا۔

تاندلیانوالہ شوگر ملز نے 41,412 میٹرک ٹن چینی 5 ارب 98 کروڑ روپے میں برآمد کی، حمزہ شوگر ملز (ترین گروپ) نے 32,486 میٹرک ٹن چینی 5 ارب 3 کروڑ روپے میں برآمد کی۔

تھل انڈسٹریز کارپوریشن نے 29,107 میٹرک ٹن چینی 4.55 ارب روپے میں برآمد کی، رمضان شوگر ملز (شریف فیملی) نے 16,116 میٹرک ٹن چینی 2.41 ارب روپے میں برآمد کی۔

اجلاس میں آڈیٹر جنرل نے انکشاف کیا کہ چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے نتیجے میں شوگر ملز نے 300 ارب روپے سے زائد کا منافع حاصل کیا ہے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ چینی کی موجودہ ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو ہے، جس میں ہر ماہ دو روپے اضافہ متوقع ہے، جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں چینی 200 سے 210 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

پی اے سی اجلاس میں رکن اسمبلی ملک عامر ڈوگر نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت میں شامل کئی بااثر شخصیات شوگر انڈسٹری سے وابستہ ہیں، جن میں جہانگیر ترین، آصف علی زرداری اور شریف فیملی سرفہرست ہیں۔

اس بیان پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے شدید احتجاج کیا۔

چیئرمین پی اے سی جنید اکبر نے شوگر ملز کے مالکان کی فہرست تاخیر سے پیش کرنے پر سیکرٹری صنعت و پیداوار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہ فہرست پہلے ہی طلب کی تھی، اب اجلاس کے دوران ہی مکمل تفصیلات پیش کی جائیں۔

سیکرٹری صنعت نے فوری طور پر دو فہرستیں ایک برآمد کنندگان اور دوسری شوگر ملز مالکان و ڈائریکٹرزپیش کیں، جن میں تمام متعلقہ اداروں اور شخصیات کے نام شامل تھے۔

Related posts

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، امیر قطر سے اہم ملاقات متوقع

پاکستان کے بڑے ڈیمز میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ، کئی ڈیمز مکمل بھر گئے