اسحٰق ڈار کی مصری وزیر خارجہ سے ملاقات، دو ریاستی حل پر بات چیت

 نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان اسحٰق ڈار اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے درمیان اقوام متحدہ کی دو ریاستی حل کانفرنس کے دوران ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے طب، معدنیات، دفاع، تجارت اور سرمایہ کاری جیسے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔ ان شعبوں میں مشترکہ ترقی کے لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت پر بھی غور کیا گیا۔

پاکستان اور مصر کے درمیان اقتصادی روابط اور تجارتی انضمام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک نے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں۔

اس موقع پر مصری وزیر خارجہ نے پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور اس اہم موقع پر پاکستان کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت کو سراہا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کی جدوجہد کے حوالے سے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے اور انسانی امداد کی رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فلسطین کے عوام کے حقوق کی حفاظت کے لیے عالمی برادری کو فوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی دو ریاستی حل کانفرنس سے بامعنی اور تعمیری نتائج کی امید ظاہر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس کا مقصد فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور اسرائیل کی جارحیت کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کا آغاز کرنا ہے۔

Related posts

پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا ذمے دار بھارت ہے، عاصم افتخار

میجرعزیز بھٹی کا 60 واں یوم شہادت آج، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کاخراج عقیدت پیش

فلسطین ہمارا خطہ ہم ہی اسکے مالک ہیں، نیتن یاہو نے متنازع معاہدے پر دستخط کردیے