امریکی ناظم الامور کا پاکستان میں اقتصادی و سیاسی استحکام کے لیے حمایت کا اعادہ

پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں امریکی ناظم الامور نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری، اور شعبہ جاتی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق امریکی ناظم الامور نے پاکستان میں اقتصادی و سیاسی استحکام کے لیے امریکی حمایت کے تسلسل کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی معاشی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

وزیر خزانہ نے حالیہ دورہ امریکا کے دوران اعلیٰ امریکی حکام سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور ان ملاقاتوں میں طے پانے والے اہم امور پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر دونوں ممالک کو فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات اور مارکیٹ میں بہتری کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حالیہ معاشی اصلاحات کے نتیجے میں معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو چکا ہے۔

فریقین نے پانڈا بانڈ اور عالمی مالیاتی مارکیٹ میں بانڈز کے ممکنہ اجرا سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔

امریکی ناظم الامور نے پاکستان کی جانب سے جاری معاشی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کی کامیابی کے لیے حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

Related posts

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا

عراقی فضائیہ کے کمانڈر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے معترف