پاور سیکٹر گردشی قرض میں 85 فیصد تک کمی کا پلان حتمی مرحلے میں داخل، گردشی قرض کو کم کرنے کیلئے ادائیگیوں کا آغاز رواں ہفتے سے کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکلر ڈیٹ 561 ارب روپے تک محدود کرنے پر عملدرآمد کی تیاری مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ سرکلر ڈیٹ ادائیگیوں کیلئے بینکوں سے لیے گئے 1275 ارب استعمال ہونگے۔
ذرائع نے بتایا کہ بینکوں سے لیے گئے قرض کا حجم 1275 ارب ہے جبکہ وصولیاں سرچارج سے ہونگی، اور رقم سے پاور ہولڈنگ لمیٹڈ اور پاور ہاؤسز کو ادائیگیاں کی جائیں گی، صارفین 3.23 روپے فی یونٹ ڈیٹ سرچارج کے ذریعے قرض ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، توانائی کا بحران، حل کی تلاش، نیا دور میڈیا کے زیر اہتمام افورڈیبل انرجی پر ورکشاپ کا انعقاد
ذرائع کا کہنا ہے کہ 561 ارب کا گردشی قرض اصلاحاتی عمل سے ختم کیے جانے کا پلان ہے سرکلر ڈیٹ کا ایک پورشن ٹاسک فورس نے مذاکرات سے بھی مکمل کیا ہے، جبکہ آئی پی پیز سے مزاکرات میں 348 ارب کا بوجھ کم، اور 387 ارب روپے سود معاف ہوا ہے، بینکوں کے قرض سے ادائیگیاں آئی ایم ایف سے طے کردہ معاہدہ کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ سرکلر ڈیٹ میں کمی سے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات عمل تیز ہو سکے گا۔