پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اربعین کے موقع پر زائرین کی سہولت کے لیے عراق کے مقدس شہر نجف کے لیے خصوصی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فلائٹ آپریشن 8 اگست سے 11 اگست تک جاری رہے گا۔
پی آئی اے کے مطابق نجف سے واپسی کی پروازیں 18 اگست سے 23 اگست کے درمیان شیڈول کی گئی ہیں، تاکہ زائرین با آسانی اربعین کی رسومات کے بعد وطن واپس پہنچ سکیں۔
خصوصی فلائٹ آپریشن کے تحت فی مسافر کرایہ 675 امریکی ڈالر مقرر کیا گیا ہے، جس پر کئی زائرین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پی آئی اے سے کرایے میں کمی اور مزید پروازوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اربعین جیسے روحانی موقع پر عوام کو سہولت دی جانی چاہیے، نہ کہ مالی دباؤ۔
واضح رہے کہ ہر سال لاکھوں پاکستانی زائرین ایران کے زمینی راستے سے عراق کے مقدس شہروں، خصوصاً نجف اور کربلا، کا سفر کرتے ہیں۔