ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 میں پاکستان چیمپئنز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا چیمپئنز کو 31 رنز سے شکست دے دی۔
یہ گرین شرٹس کی ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح ہے۔
مزید پڑھیں: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز، پاکستانی سابق کھلاڑی دھوم مچانے کو تیار
انگلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔
بیٹنگ کارکردگی:
اوپننگ بلے باز شرجیل خان نے 11 گیندوں پر 19 اور کامران اکمل نے 17 رنز بنائے، جبکہ کپتان محمد حفیظ صرف 8 رنز بنا سکے۔ تاہم، شعیب ملک اور عمر امین کے درمیان 79 رنز کی قیمتی شراکت قائم ہوئی۔
مزید پڑھیں: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز؛ پاکستان چیمپئنز نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا
عمر امین نے 42 گیندوں پر 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ شعیب ملک 34 گیندوں پر ناقابل شکست 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
آخر میں آصف علی نے 11 گیندوں پر 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے، اور عامر یامین نے 4 گیندوں پر 11 رنز اسکور کیے۔
بولنگ کارکردگی:
199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 9 وکٹوں پر 167 رنز تک محدود رہی۔ مورنے وین ویک نے 20 گیندوں پر 44 رنز بنائے جبکہ وین پرنیل نے 21 رنز اسکور کیے۔
مزید پڑھیں: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: ناقابل شکست پاکستان نے انگلینڈ کو روند ڈالا
پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر اور محمد حفیظ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ رومان رئیس، شعیب ملک، سہیل خان، وہاب ریاض اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ایونٹ میں پاکستان کی پوزیشن:
پاکستان نے اس سے قبل اپنا پہلا میچ انگلینڈ کے خلاف جیتا تھا، جبکہ بھارت کے خلاف میچ سیاسی دباؤ کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور ہربجھن سنگھ نے شاہد آفریدی کی موجودگی پر اعتراض کیا، جس پر میچ منسوخ کر دیا گیا۔
اگلا مقابلہ:
پاکستان چیمپئنز اپنا اگلا میچ آج ویسٹ انڈیز چیمپئنز کے خلاف کھیلے گا۔