انگلینڈ کے اسٹار بلے باز جو روٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر جگہ بنا لی۔
انہوں نے راہول ڈریوڈ، ژاک کیلس اور رکی پونٹنگ جیسے عظیم کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں جاری چوتھے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل انگلینڈ کے نام رہا، جہاں میزبان ٹیم نے 135 اوورز میں 7 وکٹوں پر 544 رنز بنا لیے، اور بھارت کی پہلی اننگز کے اسکور 358 رنز کے مقابلے میں 186 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
جو روٹ نے 150 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کئی تاریخی سنگ میل عبور کیے۔ وہ نہ صرف گھریلو میدان پر کسی ایک ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے بلکہ انہوں نے بھارت کے خلاف سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریوں کے ریکارڈ میں اسٹیو اسمتھ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے بھی اہم کردار ادا کیا، انہوں نے نصف سنچری بنائی اور بعدازاں گرمی اور تھکن کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ تاہم بعد میں دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں واپس آئے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارتی بولنگ اٹیک تیسرے دن واضح طور پر جدوجہد کرتا نظر آیا، جبکہ فیلڈنگ میں بھی کئی مواقع ضائع کیے گئے، جس پر ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شبھمن گل اور گوتم گمبھیر کے چہروں پر مایوسی اور پریشانی کے آثار دیکھے جا سکتے تھے۔
اب بھارت کو چوتھے دن بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنا ہوگا اور اگر وہ ٹیسٹ میں واپسی چاہتے ہیں تو انہیں لمبی اور پراعتماد اننگز کھیلنا ہوگی۔