پاکستان اسرائیلی پارلیمنٹ جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے پر’’خودمختاری‘‘ کے غیر قانونی دعوے کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کا قابلِ افسوس اقدام بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدام فلسطینی عوام کے حقوق اور بین الاقوامی اصولوں کی مستقل پامالی کا عکاس ہے۔
ترجمان کے مطابق اشتعال انگیز اقدامات قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کی منظم کوششوں کو ظاہر کرتے ہیں، خطرناک بگاڑ کا سبب بننے والے یکطرفہ اقدامات خطے کے استحکام اور منصفانہ و پائیدار حل کے لیے نقصان دہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بچے مر رہے ہیں! کیاتم ویڈیوزنہیں دیکھتے؟،ایناکاسپرین یہودی تجزیہ کار پر برس پڑیں
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ قرار دینے کے اقدامات کرے، اسرائیل کے یکطرفہ نوعیت کے اقدامات کو تسلیم کیا نہیں کیاجائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات فلسطینی سرزمین کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے، پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے۔