پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر اور ماڈل جنت مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ کی ایک بڑی فلم میں بھارتی اداکار کارتک آریان کے ساتھ مرکزی کردار کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن انہوں نے والدین کی اجازت نہ ملنے کے باعث یہ موقع چھوڑ دیا۔
ایک انٹرٹینمنٹ پورٹل سے بات کرتے ہوئے جنت مرزا نے بتایا کہ انہیں بھارتی فلم میں کاسٹ کیا جانا تھا، مگر والدین نے بھارت جا کر کام کرنے کی اجازت نہیں دی۔
انکا کہنا تھا کہ میں خود بھی بھارت جا کر کام کرنے کے حوالے سے تیار نہیں تھیں، میں بھارت جا کر کام نہیں کر سکتی اور ایسا کبھی نہیں کرنا چاہوں گی، میرے والدین بھی اجازت نہیں دیتے اور میرا اپنا دل بھی وہاں کام کرنے کے لیے آمادہ نہیں تھا۔
جنت مرزا نے کہا کہ میں فلمی صنعت کی بجائے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خاص طور پر ٹک ٹاک کو ترجیح دیتی ہوں کیونکہ آج کے نوجوان زیادہ تر گھر بیٹھے اس قسم کے مواد کو دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
ٹک ٹاکر نے مزید کہا کہ آج کل کے نوجوان مجھے ٹک ٹاک پر جب چاہیں اور جہاں چاہیں دیکھ سکتے ہیں جبکہ سنیما کے ٹکٹ مہنگے ہونے کی وجہ سے ہر کوئی پورے خاندان کے ساتھ فلم دیکھنے کا بندوبست نہیں کر سکتا۔