لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے دوران بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے والے ایک پیشہ ور الیکٹریشن کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم “ندیم” گھریلو، صنعتی اور کمرشل میٹروں کو ریورس کر کے بجلی کے یونٹس میں کمی کرتا تھا، جس سے لیسکو کو ماہانہ بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا تھا۔
مزید پڑھیں: لیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم جاری؛ 10ہزار سے زائد ملزمان گرفتار
کارروائی ایس ای ایسٹ سرکل عمر بلال کی نگرانی میں ایکسیئن شالیمار اور سب ڈویژن شالیمار کی ٹیم نے کی۔ چھاپے کے دوران ملزم سے لیپ ٹاپ، مخصوص ڈیوائسز اور دیگر آلات برآمد ہوئے جو میٹر ریورسنگ کے لیے استعمال ہوتے تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ندیم ہر ماہ ریڈنگ کی آخری تاریخوں پر مختلف گھروں اور کارخانوں میں جا کر میٹرز کو پیچھے کرتا تھا۔
مزید پڑھیں: لیسکو میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، 20 افراد گرفتار
لیسکو افسران نے اس نیٹ ورک سے مستفید ہونے والے سینکڑوں صارفین کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں، جنہیں جلد قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان صارفین سے چوری شدہ یونٹس کا بل بھی وصول کیا جائے گا۔
لیسکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد رمضان بٹ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف “زیرو ٹالرنس” کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس جرم میں ملوث کسی فرد یا گروہ کو بخشا نہیں جائے گا۔
ملزم ندیم کے خلاف تھانہ باغبانپورہ میں مقدمہ درج کر کے اُسے جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔