پشاور: پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا نے صوبائی حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کل ہونے والی اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا رویہ انتہائی غیرسنجیدہ ہے اور سیکیورٹی سے متعلق مسائل پر اس سے پہلے بھی کئی بار بات چیت ہوچکی ہے مگر کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اے پی سی صرف ایک نمائشی اقدام ہے اور اس کا مقصد عملی مسائل کے حل کی بجائے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے۔
صدر پیپلزپارٹی کے مطابق اگر صوبائی حکومت واقعی سنجیدہ ہوتی تو اب تک خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش سیکیورٹی جیسے اہم ترین مسائل حل ہوچکے ہوتے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں ہونے والی تمام مشاورتیں غیر نتیجہ خیز ثابت ہوئیں۔ محمد علی شاہ باچا نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت احتجاج سے فارغ ہو تو عوامی مسائل پر توجہ دے۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے اس بائیکاٹ کے اعلان کے بعد سیاسی حلقوں میں اے پی سی کی افادیت اور اثر پذیری پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔