انگلینڈ نے بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ بھارت نے تین تبدیلیاں کرتے ہوئے انشل کمبوج کو ٹیسٹ کیپ دی۔
انگلینڈ کی ٹیم کو پانچ میچز کی اس سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے، سیریز کو بچانے کے لیے آج کا میچ بھارت کو ہر حال میں جیتنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری لارڈز ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل، کون ہوگا فاتح؟
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے مسلسل چوتھا ٹاس جیتا اور اولڈ ٹریفورڈ میں پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جہاں اب تک کوئی ٹیم پہلے بولنگ کر کے ٹیسٹ نہیں جیتی۔
اس موقع پر بین اسٹوکس نے کہا کہ یہ مانچسٹر کی روایتی پچ ہے، تھوڑی سی گھاس اور مستحکم، اور اوور ہیڈ کنڈیشنز بھی بولنگ کے لیے موزوں ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارت کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو بڑا دھچکا
بھارت کی تین تبدیلیاں، کمبوج کا ڈیبیو
بھارتی ٹیم کو شدید انجری مسائل کا سامنا ہے، فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ اور نتیش کمار ریڈی سیریز سے باہر ہو چکے ہیں، ان کی جگہ بھارت نے شاردول ٹھاکر کو ٹیم میں شامل کیا ہے، جبکہ انشل کمبوجکو ٹیم میں شامل کرکے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے کا موقع دیا ہے۔
اسی طرح کرون نائر کو ناکام بیٹنگ کے سبب ٹیم سے باہر کرکے ان کی جگہ سائی سدھارسن کو نمبر 3 پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم میں صرف ایک تبدیلی
انگلینڈ نے اپنی ٹیم دو دن پہلے ہی فائنل کر دی تھی، لیام ڈاؤسن آٹھ سال بعد ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں، ان کو زخمی شعیب بشیر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جن کی انگلی پچھلے میچ میں فریکچر ہو گئی تھی۔