چینی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں موجود چینی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

وزیراعظم کو اجلاس میں پورے ملک میں چینی باشندوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات، سیف سٹی منصوبوں، اور سہولت کاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات نافذ العمل ہیں، اور وفاقی و صوبائی حکومتیں اس سلسلے میں مکمل تعاون کر رہی ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد سمیت پورے ملک میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ سیف سٹی منصوبے اس سلسلے میں پیش رفت کی بہترین مثال ہیں، اور ان منصوبوں کو عالمی معیار کے مطابق پورے ملک میں وسعت دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا بااعتماد دوست ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات بھائی چارے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں مقیم چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) دونوں ممالک کا اہم ترین مشترکہ منصوبہ ہے، جو اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔

اس مرحلے میں بزنس ٹو بزنس (B2B) تعاون کو فروغ دیا جائے گا، جس میں چینی شہریوں کا تحفظ مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں چینی برادری کے لیے ایک محفوظ اور کاروبار دوست ماحول کی تشکیل میں مصروف ہے، کیونکہ چینی کمپنیوں کا پاکستان میں اعتماد، معیشت کے روشن مستقبل کے لیے نہایت کلیدی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر چینی شہریوں کی آمد و رفت کو سہل بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ چینی شہریوں کو سفر کے دوران سیکیورٹی اسکواٹ فراہم کی جا رہی ہے، اور تمام نئے رہائشی و کمرشل منصوبوں میں سیف سٹی معیار کے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

Related posts

منصور بن زید نے وزیر اعظم سینیگال – متحدہ عرب امارات سے ملاقات کی

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات