اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فائرنگ رینج اور اکیڈمی کے ہوسٹل کی تعمیر کے 2 اہم منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں 52ویں کامن بیچ کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں شرکت کی اور پولیس لائنز کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو پولیس کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے نیشنل پولیس اکیڈمی کی تزئین و آرائش کے حکومتی فیصلے کا ذکر کیا اور کہا کہ ادارے کا ماحول تربیت کے اعلیٰ معیار کے مطابق بنایا جائے گا تاکہ یہاں سے فارغ التحصیل افسران بہترین پیشہ ورانہ خدمات انجام دے سکیں۔
انہوں نے پولیس افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے عوام کو انصاف فراہم کرنا ہے، ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، اور شہروں و دیہاتوں میں امن و امان قائم رکھنا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ اہداف تبھی حاصل ہوں گے جب پولیس کو جدید تربیت اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی میں اب ماسٹرز کی ڈگری بھی دی جائے گی جبکہ تربیتی و رہائشی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے اپنی سابقہ خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب انہوں نے ایلیٹ فورس، انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور لاہور میں فرانزک لیب کا قیام عمل میں لایا۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ ایلیٹ فورس کا مقصد صرف اشرافیہ کو تحفظ دینا نہیں بلکہ معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس، افواجِ پاکستان، ایف سی اور دیگر ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، تاہم انہوں نے حالیہ واقعے کا ذکر بھی کیا جس میں دریائے جہلم میں ایک پولیس اہلکار نے لوگوں کی جان بچاتے ہوئے شہادت پائی۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ افسران کو ایک ماہ کی تربیت کے لیے چین بھی بھیجا جائے گا جبکہ ایک نئی ایلیٹ ٹریننگ اسکول اور جدید فائرنگ رینج بھی قائم کی جائے گی، نیشنل پولیس اکیڈمی کا قیام 25 ایکڑ پر مشتمل ہے جس کی تزئین و آرائش جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کے مقدس فریضے کو مزید بہتر انداز میں ادا کرسکے۔