اسلام آباد: قومی آفات کے انتظامی ادارے (این ڈی ایم اے) کی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 221 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ سیکڑوں افراد زخمی اور بے گھر ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 804 سے زائد مکانات مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ متاثرہ علاقوں میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ: پنجاب
پنجاب اس قدرتی آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں بارشوں اور متعلقہ حادثات میں 135 افراد جاں بحق اور 470 زخمی ہوئے، صوبے میں 24 مکانات مکمل اور 168 مکانات جزوی طور پر تباہ ہوئے۔
خیبرپختونخوا میں جانی نقصان
خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث 40 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 69 افراد زخمی ہوئے۔ یہاں 78 مکانات مکمل اور 142 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
سندھ کی صورتحال
رپورٹ کے مطابق سندھ میں 22 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے جبکہ 33 مکانات مکمل اور 54 مکانات جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
بلوچستان میں بھی تباہ کاریاں
بلوچستان میں بارشوں کے نتیجے میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 4 زخمی ہوئے جبکہ 8 مکانات مکمل اور 56 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر
گلگت بلتستان میں اگرچہ کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم 71 مکانات جزوی اور 66 مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔
آزاد کشمیر میں 1 شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے جبکہ 17 مکانات مکمل اور 75 مکانات جزوی طور پر تباہ ہو گئے۔
وفاقی دارالحکومت کی صورتحال
اسلام آباد میں بھی بارشوں سے 1 ہلاکت رپورٹ ہوئی جبکہ 35 مکانات جزوی اور ایک مکان مکمل طور پر متاثر ہوا۔
گزشتہ 24 گھنٹے: مزید اموات اور نقصان
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں 3 بچے شامل ہیں، اس دوران 25 مکانات منہدم جبکہ 5 مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 804 مکانات مکمل طور پر تباہ اور تقریباً 200 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔