صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں نشانِ پاکستان (ملٹری) کے اعزاز سے نوازا۔
یہ اعلیٰ سول و عسکری اعزاز آج ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران دیا گیا، جس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور سعودی سفارتی حکام نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران صدرِ مملکت نے پاکستان بحریہ اور سعودی بحریہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک اشتراک مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحری اشتراک، پیشہ ورانہ ہم آہنگی اور دفاعی تعلقات کی وسعت دونوں ممالک کے وسیع تر مفاد میں ہے۔
تقریب کے بعد صدر زرداری اور سعودی نیول چیف کے درمیان خصوصی ملاقات بھی ہوئی، جس میں بحری شعبے میں دوطرفہ تعاون، مشترکہ مشقوں، تربیت، اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدرِ مملکت نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت کے حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقتوں میں سعودی عرب کی حمایت پر پاکستانی قوم ہمیشہ شکر گزار رہی ہے۔
انہوں نے “امن-25” اور “امن ڈائیلاگ-25” جیسی مشترکہ بحری مشقوں میں سعودی عرب کی شرکت کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
صدر زرداری نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 اور ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے سعودی عرب کی تیز رفتار ترقی کو قابل تقلید ماڈل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کے تربیتی نظام پر سعودی نیوی کے اعتماد کو اعزاز سمجھا جاتا ہے۔
صدرِ پاکستان نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا خصوصی پیغام بھی بھیجا، اور پاکستان و سعودی عرب کے مابین گہرے، برادرانہ اور تاریخی تعلقات کے اعادے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں مزید قریبی تعاون کی امید ظاہر کی۔