پردے کے پیچھے کی سچائی؛ فیضان خواجہ نے انڈسٹری کا اصل چہرہ دکھا دیا

شوبز کی چکاچوند کے پیچھے چھپی محرومیوں سے متعلق  انڈسٹری کے معروف اداکار فیضان خواجہ کی کھری باتیں منظرعام پر آگئی ہیں۔

معروف اداکار فیضان خواجہ نے شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کو معاوضے کی عدم ادائیگی اور غیر پیشہ ورانہ رویوں پر کھل کر آواز بلند کر دی۔

 انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیوز شیئر کیں جن میں انہوں نے انڈسٹری کے اندر موجود سنجیدہ مسائل کی نشاندہی کی۔

اپنے ویڈیو پیغام میں فیضان خواجہ نے کہا کہ ان کا مقصد کسی کو بدنام کرنا نہیں بلکہ انڈسٹری کا وہ سچ سامنے لانا ہے جس پر اکثر خاموشی اختیار کی جاتی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ سینئر فنکار اور ہدایت کار جیسے محمد احمد اور مہرین جبار جیسے نامور افراد بھی اپنی محنت کا معاوضہ لینے کے لیے پروڈکشن ہاؤسز کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔

فیضان خواجہ نے مزید بتایا کہ انہیں خود بھی ایک اشتہار کے واجبات کے لیے کئی بار یاد دہانیاں کروانی پڑیں اور یہ مسئلہ صرف ان کا نہیں بلکہ کئی دوسرے محنتی فنکاروں کا بھی ہے جنہیں وقت پر معاوضہ نہیں دیا جاتا۔

اداکار نے واضح کیا کہ انہوں نے اداکاری کو خیرباد نہیں کہا البتہ ایسے پروڈیوسرز کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا ہے جو وعدے کے مطابق ادائیگی نہیں کرتے۔

تاہم فیضان خواجہ کی ویڈیوز دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور مداحوں نے ان کے اس جرات مندانہ قدم کو خوب سراہا۔

مداحوں کی بڑی تعداد نے فیضان خواجہ کی اس کھری بات پر حمایت کا اظہار کیا اور ان سے دوبارہ ٹی وی اسکرین پر واپسی کی خواہش ظاہر کی۔

واضح رہے کہ فیضان خواجہ ماضی میں کئی مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں لیکن حالیہ عرصے سے وہ ٹی وی اسکرین سے غیر حاضر ہیں۔

Related posts

عراقی فضائیہ کے کمانڈر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے معترف

جلال پور پیر والا چاروں طرف سے سیلابی پانی میں گھر گیا، انخلا جاری

دوحہ میں شہید ہونے والے کون تھے ؟ نماز جنازہ و تدفین، امیرقطر کی شرکت