کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات، 104 اصلاحات منظور

اسلام آباد: اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کوششوں اور حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار اور پرکشش ماحول تیزی سے تشکیل پا رہا ہے۔

بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) کی جانب سے تجویز کردہ 136 ریگولیٹری سفارشات میں سے 104 کو منظور کر لیا گیا ہے جبکہ 19 غیر ضروری ضوابط کو ختم کر دیا گیا ہے، ان اقدامات کا مقصد کاروبار کے لیے آسان اور مؤثر ماحول پیدا کرنا ہے۔

بی او آئی اور کابینہ کمیٹی برائے ریگولیٹری اصلاحات نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ 90 دنوں میں اصلاحات پر عملدرآمد مکمل کریں اور کاروباری عمل کو مزید سہل بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں۔

رجسٹریشن، لائسنسنگ، ٹیکس اور مالیاتی معاملات کے نظام کو سادہ، جدید اور ڈیجیٹل بنانے کا عمل بھی جاری ہے، جس سے کاروباری برادری کے لیے وقت اور لاگت دونوں میں کمی آئے گی۔

حکام کے مطابق اصلاحاتی عمل سے نہ صرف منظوری کے مراحل تیز ہوں گے بلکہ کاروبار کے مجموعی اخراجات میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔

بی او آئی ان اصلاحات پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گا تاکہ شفافیت اور تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ اقدامات مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کاروباری اداروں کے لیے بھی پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد اور پُرکشش سرمایہ کاری مرکز بنانے کی جانب اہم قدم ہیں۔

ایس آئی ایف سی کی زیر نگرانی جاری اصلاحات سے نہ صرف سرمایہ کاری میں آسانی پیدا ہو گی بلکہ پاکستان عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے بھی فائدہ اٹھا سکے گا۔

Related posts

میجرعزیز بھٹی کا 60 واں یوم شہادت آج، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کاخراج عقیدت پیش

فلسطین ہمارا خطہ ہم ہی اسکے مالک ہیں، نیتن یاہو نے متنازع معاہدے پر دستخط کردیے

انڈونیشیا میں قیامت خیز سیلاب، 2 جزیرے صفحہ ہستی سے مٹنے لگے، 19 افراد ہلاک